..تاریخی پس منظر و مقاصد

تاریخی پس منظر و مقاصد:
جن حالات میں تحریک پاکستان شروع ہوئی وہ حالات یہ تھے کہ عالم السلام ہر طرف سے اغیار کے ہاتھوں مغلوب تھا۔ ترک خلافت عثمانیہ کے حصے بخرے ہو چکے تھے۔ برٹش انڈیا کے مسلمان غلامی کی ذلت آمیز زندگی گزار رہے تھے۔ غرض یہ کہ عالم اسلام ہر طرف سے ذلت ورسوائی کی اتھاہ گہرائیوں میں گھرا ہوا تھا۔ ایسے میں اُس وقت کے اکابرین جن میں حضرت علامہ اقبال ، قائد اعظم اور ان کے دیگر ساتھ شامل تھے نے دردمندی سے اس صور ت حال پر غور کیا۔

یہ بات ان اکابرین کے پیش نظر تھی کہ اللہ تبارک وتعالیٰ کی آخری کتاب قرآن مجید کی حامل ہونے کے باجود یہ ملت اتنی ذلیل و خوار کیوں ہے؟ کہیں مسلمان آپ کے جھگڑوں میں ایک دوسرے کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور اگر کہیں مسلمانوں کا کوئی ملک آزاد بھی ہے تو وہاں بھی مطلق العنان حکمرانی ہے۔ مسلمان سائنسی ترقی سے کوسوں دور ہیں اور اگر ایسا ہی چلتا رہا تو یہ ملت بہت جلد صفحہ ہستی سے مٹ جائے گی۔
چنانچہ یہ اکابرین اس نتیجے پر پہنچے کہ اگر اس ملت نے وقار کے ساتھ روے زمین پر زندگی گزارنی ہے تو اسے خالصتاً اللہ تعالیٰ کی آخری کتا ب قرآن مجید کی طرف رجوع کرنا ہو گا اور اس کتاب کے مطابق ایک معاشرہ تشکیل دینا ہو گا۔
اب چونکہ اللہ تعالیٰ کی کتاب کے مطابق معاشرہ تشکیل دینے کے لیے ایک الگ خطہ زمین درکار تھا لہذا یہ طے پایا کہ برٹش انڈیا کے مسلم اکثریتی علاقوں پر مشتمل ایک الگ آزاد و خود مختار ریاست قائم کی جائے جس میں خالص قرآنی معاشرہ قائم کیا جائے جو نہ صرف دیگر اسلامی مملک بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک رول ماڈل ہو۔